ضلع کوہلو اس مادر وطن کا پسماندہ اور دور آفتادہ علاقہ ہے۔جو کہ کچھ عرصہ پہلے تک سورش زدہ علاقہ رہا ہے۔بلوچستان کے دیگر علاقوں کی طرح ضلع کوہلو میں بھی امن کی بحالی و استحکام افواجِ پاکستان ، لیویز فورس ,ہم وطنوں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیوں اور مشترکہ جدوجہد کے ذریعے ممکن ہو پایا ہے۔ترقی پذیر ضلع ہونے کے ناطے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ایک بار پھر یہ ادارے اور لیویز فورس ہراول دستے کے طور پر صوبائی حکومت ،ضلعی انتظامیہ،محکمہ صحت و دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ نظر آتے ہیں۔۔ملکی سلامتی،لوگوں کی صحت و حفاظت اور وباء کی صورتحال میں ضلع کوہلو کے لیویز جوان ہمیشہ صف اول میں نظر آئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسہ کے احکامات کی پیروی کرتے ہوئے لیویز فورس کے جوان رسالدار میجر شیرمحمد کی سربراہی میں ہنگامی بنیادوں پر راشن،مالی امداد،حفاظتی سامان و دیگر سہولیات کی بروقت فراہمی کے لئے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔اس مشکل گھڑی میں لیویز فورس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر جو خدمات سر انجام دے رہی ہیں وہ ناصرف قابل ستائش بلکہ قابل تقلید بھی ہیں۔لیویز فورس کا ہمیشہ یہ طرہ امتیاز رہاہے کہ مادر وطن کے خاطر جب بھی ضرورت پڑی ، یہ ہمیشہ اپنی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی ہے.دراصل یہ لیویز فورس اور عوام کے درمیان آپسی محبت و یگانگت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔لیویز فورس اپنے محدود وسائل کے باوجود موثر حکمت عملی اور اقدامات کی بدولت بڑے احسن طریقے سے اس آفاتی صورتحال سے نبردآزما ہے۔۔اس وباء کے پیشِ نظر لیویز فورس کی جانب سے ضلع کوہلو میں بھی کئی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔کوہلو لیویز فورس نے اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے انتظامیہ کی مدد کرنے کے لئے تعاون کر رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر کوہلو کی احکامات کی روشنی میں ضلع کوہلو میں سکرینگ،چیکنگ،صحت،حفاظت اور دیگر ضروریات کے پیشِ نظر رسالدار میجر شیرمحمد مری نے اس پسماندہ ترین ضلع میں اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا۔ابتدائی اقدامات کے تحت ضلعی سطح پر عوام کوکرونا سے متعلق اور اسکی حفاظتی تدابیر سے روشناس کرایا گیا۔حفاظتی اقدامات کے تحت لاک ڈائون کی پالیسی پر بھی عمل درآمد کرایا گیا۔کورونا وائرس سے نبردآزما ہونے والوں میں حفاظتی سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ٹریک اینڈ ٹریس پالیسی کے تحت لیویز فورس کی میڈیکل ٹیم تشکیل دی گئ جو مشتبہ مریضوں کی اطلاع پر انہیں ہسپتال پہنچانے کیلئے ہمہ وقت مستعد تیار رہتے ہیں۔وباء کی روک تھام کے لیے لیویز فورس کی جانب سے شہر میں جراثیم کش اسپرے بھی کیا گیا۔عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے لیویز فورس کے جوانوں نے عوام میں ماسک و دیگر حفاظتی سامان بھی تقسیم کیئے۔کورونا وائرس کی وجہ سے ہنگامی صورتحال کے سبب دیگر مسائل بھی پیدا ہوئے جن میں محنت کش طبقہ و دیگر چھوٹے کاروبار کرنے والے افراد کو اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔حکومت وقت کی جانب سے ان کیلئے معاشی پیکج کا اعلان کیا گیا۔جس کی فراہمی لیویز فورس نے یقینی بنائی۔بروقت امداد کی خاطر اس ضلع کے تقریباً 3500 غریب و نادار افراد کی لسٹ ترتیب دی گئی۔جنہیں ہنگامی بنیادوں ہر منصفانہ طور پر راشن فراہم کیا گیا۔حکومت کے احساس کفالت پروگرام کے تحت ضلع کے مختلف سینٹرز میں غریبوں کو امداد دی گئی جن کے سیکیورٹی میں دیگر فورسزز کے ساتھ ساتھ لیویز فورس نے بھی اپنا کام سنھبالا.
آزمائش کی اس گھڑی میں ایک بات یقینی طور پر ثابت کی ہے کہ کچھ مشکلیں قوموں کو مزید مضبوط بنادیتی ہیں۔وہ دن دور نہیں جب اللہ فضل و کرم سےلیویز فورس کی طرف سے اس وبا کے دور ہونے کی خوشخبری عوام کو سنائی جائیگی۔۔!