پیپلزپارٹی کا قومی اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

Loading

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس کچھ دیر میں ہوگا ، اجلاس میں فرانس کے سفیر کی ملک بدری سے متعلق قرارداد پیش کی جائے گی۔

وزیر اعظم عمران خان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ پیپلزپارٹی نے آج اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی سے کیا گیا معاہدہ قومی اسمبلی میں نہیں لایا گیا ، حکومت نے سڑکوں پر ایکشن لیا پھر پابندی لگائی ۔

بلاول بھٹو نے ٹوئٹ کیا کہ لوگ جاں بحق ہوئے ، 500 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ، انٹرنیٹ بند کر دیا گیا ، وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں بیان نہیں دیا ، قومی اسمبلی کو کسی بھی موقع پر اعتماد میں نہیں لیا ، پی ٹی آئی اب قومی اسمبلی کے پیچھے چھپنا چاہتی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید کی ون آن ون ملاقات ہوئی ، شیخ رشید نے کالعدم تحریک لبیک سے مذاکرات کے بارے میں بریف کیا ، وزیراعظم نے سارا معاملہ بہتر انداز میں نمٹانے پر وزیر داخلہ کو سراہا ۔

خیال رہے کہ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان معاہدے پر عملدر آمد شروع ہوگیا ہے ۔ حکومت کچھ دیر بعد قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کو نکالنے کے لیے قرارداد پیش کرے گی جبکہ ٹی ایل پی نے یتیم خانہ چوک لاہور میں جاری دھرنے کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں