الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان اور کابینہ کے چند اراکین کے خطاب سن کر دکھ ہوا۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے الزام پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا۔
اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کیئے گئے اعلامیئے میں کہا گیا کہ سینیٹ الیکشن آئین اور قانون کے مطابق کرانے پر خدا کے شکر گزار ہیں۔الیکشن کمیشن کے اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ الیکشن خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہونے پر بھی خدا کے شکر گزار ہیں۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن نتائج کے بعد میڈیا کے ذریعے جو خیالات مشاہدے میں آئے انہیں سن کر دکھ ہوا، بالخصوص وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان اور کابینہ کے چند اراکین کے خطاب سن کر دکھ ہوا۔ اعلامیئے میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی اور آزاد ادارہ ہے، آئین اور قانون جس کی اجازت دیتا ہے وہی الیکشن کمیشن کا معیار ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اپنے اعلامیئے میں یہ بھی کہنا ہے کہ کسی کی خوشنودی کی خاطر آئین اور قانون کو نظر انداز نہیں کر سکتے، نہ ہی ان میں ترمیم کر سکتے ہیں۔