بھارتی وزیراعظم نریندر موودی کے دورہ بنگلادیش کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بنگلادیش کے 50 ویں یومِ آزادی اور اس کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی 100 ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں شرکت کے لیے بنگلادیش کے دورے پر گئے ہوئے تھے۔ سری لنکا، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے سربراہان نے بھی ڈھاکا میں جاری 10 روزہ تقریبات میں شرکت کی ہے۔بھارتی وزیراعظم کے دورہ بنگلادیش کے موقع پر گزشتہ ہفتے سے ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا جارہا ہے اور مودی کے دورے کی شدید مخالفت کی جارہی ہے۔مودی کے دورے کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کا کہنا ہےکہ بھارتی وزیراعظم نے مذہبی کشیدگی کو جنم دیا اور بھارتی مسلمانوں پر مظالم ڈھائے۔ ڈھاکا میں ہونے والے ایک اور احتجاج میں مظاہرین نے کہاکہ 2002 میں گجرات میں مودی کے وزیراعلیٰ ہوتے ہوئے ایک ہزار سے زائد مسلمانوں کو قتل کیا گیا۔