مند کو میونسپل کمیٹی کادرجہ دلانے کیلئے میرعبدالرؤف رند کی وزیراعلیٰ بلوچستان کو تحریری درخواست

Loading

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی سے جمعہ کے روز وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوآرڈینیٹر میر عبدالرؤف رند نے سی ایم سیکرٹریٹ کوئٹہ میں تفصیلی ملاقات کی، ملاقات کے دوران میرعبدالرؤف رند نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو مند کو میونسپل کمیٹی کادرجہ دلانے کیلئے باقاعدہ تحریری درخواست پیش کی، میر عبدالرؤف رند نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو بتایا کہ مند اہم سرحدی قصبہ ہونے کے ناطے تجارتی ودیگر حوالوں سے انتہائی اہمیت کاحامل ہے جوکاروباری حوالے سے ضلع کیچ کا بزنس حب کہلاتاہے، مند کی آبادی2017ء کی مردم شماری کے مطابق50ہزار نفوس سے زائد ہے،اس لئے مند آبادی ودیگر حوالے سے میونسپل کمیٹی کی ریکوائرمنٹ پر پورا اترتا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے درخواست کومنظورکرتے ہوئے مزید کاروائی کیلئے اسے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان کو ارسال کردیا، میر عبدالرؤف رند نے بتایا کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان کی طرف سے جلد یہ پروسس ہوجائے گا جس کے بعد مند کومیونسپل کمیٹی کا درجہ مل جائے گا انہوں نے کہاکہ مند میونسپل کمیٹی کے قیام سے مند کے عوام کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے گی اورمند کے عوام کاایک دیرینہ اوراہم مسئلہ حل ہوجائے گا، ملاقات کے دوران میر عبدالرؤف رند نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے آئندہ بجٹ میں مکران کی ترقی کے حوالے سے تفصیلی گفتگوکی اورپارٹی امورپر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں