وزیراعظم عمران خان نے کورونا وبا میں بھارتی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ، کہا بھارت سمیت دنیا میں کورونا متاثرین کی صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں ۔
اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ بھارتی عوام وبا کی خطرناک لہر کا سامنا کر رہے ہیں ۔ بھارت کے عوام سے مشکل وقت میں اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانیت کو بچانے کیلئے عالمی وبا سے مل کر لڑنا ہوگا ۔
واضح رہے کہ بھارت میں عالمی وبا کی صورتحال خوفناک ہوگئی ہے ، آج بھی 3 لاکھ 46 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ، ایک دن میں مزید 2 ہزار 624 اموات ہوئیں ۔ بھارت میں ایک کروڑ 66 لاکھ سے زائد افراد وبا سے متاثر ہیں جبکہ اموات کی کل تعداد ایک لاکھ 89 ہزار سے زائد ہوگئی۔ ادھر دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 14 کروڑ 62 لاکھ 27 ہزار سے زائد ہو گئی ، 30 لاکھ 99 ہزار 340 اموات ہو چکی ہیں ۔
دوسری جانب امریکا نے جانسن اینڈ جانسن کورونا ویکسین پر سے پابندی اٹھا کر ویکسین کے دوبارہ استعمال کی منظوری دے دی ۔ اس سے قبل امریکا میں یہ ویکسین 80 لاکھ افراد کو لگائی گئی تھی ۔ جن میں سے پندرہ افراد میں خون کی پھٹکیاں بننے کے کیسز سامنے آنے کے بعد امریکا میں اس کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ تاہم اب تحقیق اور مزید تجربات کے بعد یورپی طبی ریگولیٹرز نے بھی اس ویکسین کو محفوظ قرار دے دیا ہے ۔ امید ہے کہ جانسن اینڈ جانسن کے دوبارہ استعمال کی اجازت سے عالمی سطح پر ویکسین خوراکوں کی کمی پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔