بالی ووڈ کی دْنیا میں بِگ بی کے نام سے مشہور سینئر اداکار امیتابھ بچن نے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دلیپ کمار کے ساتھ فن کا ایک ادارہ بھی دْنیا سے رخصت ہوگیا ہے۔
امیتابھ بچن نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے جس میں اْنہوں نے کہا کہ ‘آج دلیپ کمار کے ساتھ فن کا ایک ادارہ بھی چلا گیا ہے۔بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ ‘جب بھی بھارتی سینما کی تاریخ لکھی جائے گی، وہ ہمیشہ ‘دلیپ کمار سے پہلے اور دلیپ کمار کے بعد’ہوگی۔اْنہوں نے مزید لکھا کہ ‘میری دْعا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں دلیپ کمار کے اہلخانہ اور عزیزوں کو صبر و جمیل عطا ہو۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے ”ٹریجڈی کنگ” دلیپ کمار نے بدھ کی صبح 7:30 بجے ممبئی کے کھار ہندوجا اسپتال میں اپنی زندگی کی آخری سانس لی۔دلیپ کمارکے انتقال کی خبر ان کے ویریفائیڈ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان کے فیملی فرینڈ فیصل فاروقی نے دی۔
انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ”انتہائی دکھی دل اور گہرے رنج غم کے ساتھ میں ہمارے محبوب دلیپ صاب کے انتقال کا اعلان کرتا ہوں جو چند منٹ قبل اس دنیا کو چھوڑ گئے۔ ”ہم اللہ ہی کے ہیں اور اللہ ہی کی طرف ہمیں پلٹ کر جانا ہے۔طویل العمری کی وجہ سے دلیپ کمار کو چند سال سے سانس لینے میں مشکلات، سینے میں تکلیف، پھیپھڑوں اور گردوں کے مسائل کی وجہ سے اسپتال داخل کرایا جاتا رہا تھا۔